وزیراعظم نے کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان ںے کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیراعظم کوئٹہ پہنچے تو وزیراعلیٰ جام کمال نے ان کا استقبال کیا، جس کے بعد وزیراعظم ہیلتھ کمپلیکس کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلیے تعاون پر آرمی چیف کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے رابطوں کے ذریعے کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کیلیے یو اے ای سےفنڈنگ لائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا ماضی میں حکمرانوں نے بلوچستان کے وسائل کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا، پرانے پاکستان کے طریقوں نے ہی ملک کو کنگال کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اب تبدیلی کی سوچ ہے، ملک کو فرسودہ نظام سے نکال کر تبدیلی لائیں گے، بلوچستان حکومت اور فوج کے ساتھ مل کر صوبے میں کینسر انسٹیٹیوٹ بھی بنائیں گے۔

وزیراعظم کچلاک تا ژوب روڈ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کے بعد دو روزہ گوادر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے اور ملک کے سب سے بڑے ایئر پورٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

گوادر میں سیاسی و قبائلی عمائدین وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے جس کے بعد وزیراعظم کراچی کے لیے روانہ ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں