ریاست مخالف تقاریر، نام نہاد سماجی کارکن گلالئی اسماعیل کیخلاف مقدمہ درج

اسلام آباد: نام نہاد سماجی کارکن گلالئی اسماعیل کے خلاف ریاست مخالف تقاریر اور پشتون قوم میں ملک کے خلاف نفرت پھیلانے کے الزام پر تھانہ شہزاد ٹاؤن میں مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔

گلالئی اسماعیل کے خلاف درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق گلالئی اسماعیل نے فرشتہ کو بنیاد بنا کر حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی کی، جان بوجھ کر پشتون قوم میں نفرت پھیلانے کی کوشش کی اور پاک فوج کے خلاف بھی ہرزہ سرائی کی۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی ایم جس طرح ایک معصوم بچی کے بیہمانہ قتل کو اپنی دو ٹکے کی سیاست کے لئے استعمال کر رہی ہے اس سے لگتا ہے کہ اُن کی سیاست کے سینے میں دل نہیں ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ قصور میں نو بچیوں کا قتل ہوا، اس کے بعد پرچہ کٹا لیکن کسی نے بھی پی ٹی ایم جیسی بیہودہ گفتگو نہیں کی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمارا مفاد پاکستان کے ساتھ جڑا ہے، ریاست مخالف عناصر بیرونی ایجنسیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے معاملے کا نوٹس لیا ہے، دنیا بھرمیں جرائم ہوتے ہیں، فرشتہ کے معاملے کو سیاست کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں