ترک کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار

اسلام آباد: ترک سفیر احسان مصطفیٰ نے کہا ہے کہ ترکی کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بالکل تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پاورڈویژن عمرایوب کی ترکی کےسفیراحسان مصطفیٰ سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعاون اور توانائی کے شعبے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد پاور ڈویژن کی جانب سے اعلامیہ جاری ہوا جس میں بتایا گیا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کےدوران خصوصی شعبوں میں‌ سرمایہ کاری کی نشاندہی پر اتفاق ہوا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کے پاس بہت اہم مواقع ہیں، پاکستان میں نئی قابل تجدید توانائی پالیسی منظوری کےعمل میں ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی منظوری کے بعد توانائی سیکٹر سرمایہ کار ی کے فروغ کا باعث بنےگی۔ عمر ایوب نے ترکش کمپنیوں کوپاکستان کےپاورسیکٹرمیں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔احسان مصطفیٰ نے پاکستان کی جانب سے ترکش کمپنیوں کو پیش کش کرنے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ترکی کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں