بابری مسجد فیصلے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آگ اور بھڑک اٹھے گی، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ خوشی منا رہے ہیں لیکن بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد سے متعلق نئی بحث کا آغاز کر دیا، فیصلے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آگ اور بھڑک اٹھے گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے نفرتوں کو مٹانے کی کوشش کی، کرتارپور راہداری کی تعمیر پاکستان کی جانب سے خیر سگالی پیغام تھا، امن بحالی کی متعدد کوششوں کا بھارت نے جواب نہیں دیا، بھارت امن چاہتا ہے تو کشمیر پر اپنی پالیسی تبدیل کر دے۔ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی حکومت اس فیصلے پر کوئی نہ کوئی رد عمل کا اندازہ لگا رہی ہے، ہم سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھنے کے بعد ہی رد عمل دیں گے۔

انھوں نے کہا بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے آج کے دن کا انتخاب معنی خیز ہے، پاکستان نے محبتوں کی راہداری قائم کی لیکن مودی سرکار کی سیاست نفرت کی سیاست ہے، نفرت کے بیج بونا بہت خطرناک کھیل ہے، ذہن سے نکال دیں کہ پاکستان دباؤ میں آئے گا یا جھکے گا، ایسا بالکل نہیں، ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں، اور کھڑے رہیں گے۔

بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کا فیصلہ سنا دیا، عدالت نے مسجد کی متنازع زمین ہندوؤں کو دینے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا مسلمانوں کو ایودھیا میں متبادل جگہ دی جائے اور تین ماہ میں بھارتی حکومت بورڈ تشکیل دے کر اسکیم تیار کرے۔

Comments

اپنا تبصرہ بھیجیں