ن لیگ نے سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا

لاہور ( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے ترجمان مریم اورنگزیب نے ملک میں گیس قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام دشمن حکومت کا ایک اور عوام دشمن اقدام ہے ،عوام دشمن حکومت نے عوام پر مہنگائی کا آج ایک اور بم گرا یا ہے،عوام دشمن حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے عوام نے سکون کا سانس نہیں لیا۔ انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام دشمن حکومت کے گیس کو مزید مہنگا کرنے سے صنعتی ، کاروباری اور تجارتی حلقوں میں روزگار کا قتلِ عام کیا ہے ،عوام دشمن حکومت اپنی نااہلی کا بوجھ غریب عوام پہ ڈال رہے ہیں ،حکومت کو اپنی 60 روزہ عوام دشمنی کا جواب 14 اکتوبر کو مل گیا۔ظلم بند نہ ہوا تو مہنگائی کی ستائی عوام سڑکوں پر ہو گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام دشمن حکومتی پالیسیوں نے کسان ، محنت کش اور مزدور کی زندگی اجیرن بنا دی،ڈاکو ڈاکو کا شور مچانے والی حکومت عوام کے گھروں میں ڈاکہ ڈال رہی ہے،60 دن سے عوام خارجہ ، داخلی ، معاشی ، سیاسی و انتظامی تباہی اور بربادی کے سونامی کی زد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دشمن حکومت کی ساٹھ روزہ مجموعی کارکردگی الزامات ، جھوٹ اور مہنگائی کی شرح کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر لیجانا ہے،60دن کی سونامی کا یہ عالم ہے تو مزید 40دن کے لئے عوام اپنے حفاظتی بند باندھ لیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں تبدیلی کے نام پر تباہی آرہی ہے۔جس دن عوام دشمن حکومت چور چور اور ڈاکو ڈاکو کا زیادہ شور مچائے اس دن غریب کے گھر بڑے ڈاکے کی تیاری ہوتی ہے ۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے ،قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو پتھر کے زمانے میں دھکیل رہی ہے ،عوام سوئی گیس اور بجلی کے بھاری بل ادا نہیں کر پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیا عوام اب لکڑیاں جلا کر اپنی ضرورت پوری کریں

موبائل فون بند نہیں ہونگے، پی ٹی اے نے تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے بڑا اعلان کردیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، سی پی پی) پی ٹی اے  نے فون کی تصدیق کی تاریخ میں غیر معینہ مدت تک توسیع کردی۔نجی ٹی وی  کے مطابق پی ٹی اے کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ موبائل فون سیٹس کی تصدیق آئندہ احکامات تک جاری رہے گی، اس سے قبل موبائل فونز کی تصدیق کے لیے 20 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ موبائل فون کی تصدیق کے لیے آئندہ آخری تاریخ  وفاقی حکومت اور پارلیمنٹ کی ڈیڈ لائن کے بعد ہی مقرر کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے سینیٹ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کو 20 اکتوبر کے بعد موبائل فون بلاک نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس کے دوران چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر روبینہ خالد نے نکتہ اٹھایا کہ ‘پی ٹی اے 20 اکتوبر سے موبائل فون بند کرنے جا رہا ہے، پی ٹی اے حکام وضاحت کریں کہ معاملہ کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب سے کمیٹی شروع ہوئی ہے، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اجلاس میں نہیں آئے، اگر وفاقی وزیر نہیں آتے تو ان کے خلاف تحریک استحقاق لائیں گے۔جس پر چیئرمین پی ٹی اے نے 20 اکتوبر سے غیر رجسٹرڈ اور اسگل شدہ موبائل فون بند کرنے کے حوالے سے سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دی اور بتایا کہ ‘پراسیس کے لیے نیا سسٹم لانچ کیا جارہا ہے۔کمیٹی ممبر رحمن ملک نے سوال کیا کہ ‘سِمز کو ریگولیٹ کرنا سروس پرووائڈرز کا کام ہے، پی ٹی اے اپنے کھاتے میں کیوں ڈال رہا ہے؟ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سروس پرووائڈرز کو ریگولیٹ کر رہے ہیں۔رحمن ملک نے سوال کیا کہ ایک سم 10 بار رجسٹرڈ کرکے کیوں دی جاتی ہے؟موبائل کمپنیوں کو ذمہ داری دی جائے تاکہ انہیں پکڑا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ای آئی کو دنیا بھر میں ٹریس کیا جا سکتا ہے، پی ٹی اے سم پر آئی ایم ای آئی نمبر کو کیسے ریگولیٹ کر رہا ہے؟ وہ اپنے نہیں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ‘اسمگلڈ اور ڈوپلیکٹ آئی ایم ای آئی نمبر روکنے کے لیے نیا سسٹم لا رہے ہیں۔ڈوپلیکیٹ آئی ایم ای آئی نمبر ٹریس کرنا مشکل ہوتا ہے اور یہ سیکیورٹی کے لیے بھی خطرات ہیں۔اس موقع پر ارکان کمیٹی کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کسی اور کے لیے تھانہ بننے جا رہا ہے، لوگوں کو صحیح طریقے سے بتایا بھی نہیں گیا، ہر طرف 8484 ایس ایم ایس گھوم رہا ہے اور ہر ایس ایم ایس پر چارجز بھی لیے جا رہے ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے پی ٹی اے حکام سے کہا کہ آپ نے کسی ٹی وی پر آگاہی مہم نہیں چلائی۔اس موقع پر ارکان نے مطالبہ کیا کہ کوئی موبائل فون بند نہیں ہوگا، آئندہ اجلاس میں آئی ٹی کے وزیر آئیں اور پالیسی بنائیں۔جس پر سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ میں متفق ہوں، ہمارے دیہی عوام کو موبائل سم اور سیٹ کا پتہ ہی نہیں، وہ صرف موبائل پر آنے والی کال کو ہی سن سکتے ہیں۔اجلاس کے بعد سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پی ٹی اے کو موبائل فون بلاک نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے موبائل کمپنیوں سے آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ طلب کرلی۔کمیٹی نے یہ ہدایت بھی کہ اسمگل شدہ اور ڈوپلیکٹ موبائل ڈیوائسز کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی مہم چلائی جائے۔

سعد رفیق کے بھائی خواجہ سلمان رفیق خطرناک بیماری میں مبتلا

لاہور ( نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی و سابق وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو طبیعت ناساز ہونے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا جہاں انکے ضروری ٹیسٹ کیے گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ خواجہ سلمان رفیق کو دل کی دھڑکن تیز ہونے پر ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ ڈاکٹرز کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے اور دل کی دھڑکن بھی کنٹرول ہے ،اگر ان کی رپورٹس مثبت آ جاتی ہیں تو انہیں ڈسچارج کر دیا جائے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے بھی ہسپتال میں انکی عیادت کی۔

بھاشا ڈیم کے ساتھ ایک اوربڑے ڈیم کی بھی تعمیر

لاہور (این این آئی) واپڈا اور دیا مر بھاشا، مہمند ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر)مزمل حسین نے دونوں منصوبوں کے لئے زمین کی خریداری اور متاثرین کی آبادکاری کے لئے قائم ذیلی کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس عملدرآمد کمیٹی کے اسلام آباد میں واقع سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئے ۔ اجلاس کے دوران دونوں ذیلی کمیٹیوں کو دی گئی ذمہ داریوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ذیلی کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا /ڈیمز عملدرآمد کمیٹی نے کہا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے زمین کی جلد خریداری اور متاثرین کی آبادکاری ترجیحی ٹاسک ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ متاثرین کی آبادکاری کے ضمن میں ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ پراجیکٹ ایریا میں لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے تعلیم ، صحت اور پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے متعدد دیگر سکیموں کو بھی تمام فریقین کی مشاورت سے حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ دونوں کمیٹیاں اپنی ذمہ داریوں کو سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کی رپورٹ میں درج ٹائم لائن کے مطابق پایہ تکمیل کو پہنچائیں۔مہمند ڈیم کے لئے زمین کی خریداری اور متاثرین کی آبادکاری کے لئے ذیلی کمیٹی کے اِجلاس میں ذیلی کمیٹی کے سربراہ اور خیبرپختونخوا کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے بتایا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے زمین کی خریداری جلد شرو ع کی جارہی ہے ۔ زمین کی خریداری کا عمل ہدف کے مطابق مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا ۔ ذیلی کمیٹی نے علاقے میں اعتماد سازی کے اقدامات کے طور پر ترقیاتی سکیموں کے خدوخال اور افادیت کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ چیئرمین واپڈا نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خیبرپختونخوا کی سربراہی میں قائم ذڈیلی کمیٹی کے اقدامات کی تعریف کی ۔ قبل ازیں دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لئے متاثرین کی آبادکاری کے لئے قائم ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا /ڈیمز عملدرآمد کمیٹی نے بتایا کہ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور ذیلی کمیٹی کے سربراہ نے اُنہیں اِس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرین کی آبادکاری اور بقیہ زمین کی خریداری کے لئے اگلے دو روز میں جامع سفارشات پیش کی جائیں گی ۔ چیئرمین واپڈا /ڈیمز عملدرآمد کمیٹی نے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے درمیان حدود کے تنازعہ پر ذیلی کمیٹی کے اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔علیحدہ علیحدہ منعقد ہونے والے دونوں اِجلاس میں ذیلی کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی ۔

منشا بم نے خود ہی سب کچھ بتا دیا کہ اسے منشا بم کیوں کہتے ہیں

اسلام آباد(سی پی پی)اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے منشابم کا ایک دن کاراہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔اسلام آباد پولیس نے ملزم منشابم کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جج کوثر عباس زیدی کے روبرو پیش کیا۔پولیس نے منشا بم کی تین دن کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ عدالت نے ملزم کو لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔دوران سماعت ملزم منشابم نے عدالت سے استدعا کی کہ پولیس پر اعتماد نہیں، میرے وکیل کا انتظار کرلیا جائے جس پر جج سیدکوثر عباس زیدی نے کہا کہ کچھ دیر آپ کے وکیل کا انتظار کرلیتے ہیں۔دوران سماعت جج وقفہ لے کر واپس چیمبر میں چلے گئے، وقفے کے بعد عدالت لگی تو پنجاب پولیس اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ منشا بم نے جج کے سامنے اپنے ڈرکا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ڈرہے کہیں پولیس اہلکار مجھے مارنہ دیں۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر منشا بم کو صحافیوں نے گھیرلیا، ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آپ کا نام منشا بم کس نے رکھا؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ یہ نام شریف گجر نامی شخص نے رکھا تھا اس کے بھائی کے ساتھ منہ ماری ہوئی تھی جس کے بعد اس نے یہ نام رکھ دیا۔ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ آپ عدالتوں میں کیوں پیش نہیں ہوئے آپ پر 80مقدمات ہیں، اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس نے ان کے ساتھ بڑی زیادتیاں کی ہیں۔

ریڈ زون سے مشکوک شخص اسلحہ اور گولیوں سمیت گرفتار

اسلام آباد( آن لائن ) اسلام آباد کے ریڈ زون میں پولیس نے ایک مشکوک شخص کو اسلحہ اور گولیوں سمیت گرفتار کر کے تھانہ سیکرٹریٹ میں منتقل کر دیا، تفصیلات کے مطابق منگل کے روز اسلام آباد کے ریڈ زون میں پولیس نے ایک مشکوک شخص سے تلاشی لی تو اس کے قبضے سے ایک پستول اور متعدد گولیاں برآمد ہوئیں جس پر پولیس نے مزید تفتیش کی کوشش کی تو ملزم موبائل فون نکالنے لگا جس پر پولیس نے مشکوک شخص کو تفتیش کیلئے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا، جہاں پر شناختی کارڈ سے پتہ چلا کہ مشکوک شخص نسیم خان کا تعلق چارسدہ سے ہے۔

مریم جیل جا سکتی ہیں توعلیمہ خان کا بھی حساب دیں, نیب کے پیچھے نیازی کا ہاتھ ہے

لاہور( وائس آف ایشیا) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مریم جیل جا سکتی ہیں تو علیمہ خان کا بھی حساب دیں،نیب کے پیچھے نیازی کا ہاتھ ہے،ضمنی انتخاب میں شہبازشریف کی گرفتاری پرلینے کے دینے پڑ گئے، ہمیں اقتدارمیں آنے کی جلدی نہیں،ابھی اپوزیشن کا مزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج مسلم لیگ ن کے حق میں ہیں۔ شہبازشریف کی گرفتاری کی صورت میں آپ کا بغض سامنے آگیا۔ لیکن عوام سن لیں ، نیب کے پیچھے نیازی کا ہاتھ ہے۔ نیب کے پیچھے نیازی ہے اورکچھ نہیں ہے۔ شہبازشریف کی گرفتاری پرنیازی صاحب کولینے کے دینے پڑگئے۔ ان کا خیال تھا کہ شہبازشریف کو دھر لو، ضمنی انتخابات جیت جائیں گے۔عمران خان کوجھوٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت کا مینڈیٹ جعلی ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم جیل جا سکتی ہیں تو علیمہ خان کی آف شورکمپنیوں کا بھی حساب دیں۔ تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں احتساب کا ادارہ بند کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شیشے کے گھروں میں بیٹھے ہیں۔ ہم اسمبلی میں احتجاج جاری رکھیں گے۔ ان کو کیا ڈر تھا کہ ہمارے کہنے پراجلاس نہیں بلایا؟ وقت گزرنے دیں ان کے وعدوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہوجائے گا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام نے ضمنی الیکشن کیساتھ ہی نیازی صاحب کے یوٹرنزکا احتساب شروع کردیا۔ ہمیں اقتدارمیں آنے کی جلدی نہیں۔ ابھی ہمیں اپوزیشن کا مزہ لینے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیشن بن گیا۔ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب کوغریبوں کی ریڑھیاں اٹھانے سے پہلے بنی گالا کا قبضہ نظر نہیں آتا۔سپریم کورٹ نے کہا کہ احتساب کا عمل بنی گالہ سے شروع ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج آج زمین بوس ہو گیا ہے۔ مشرف دور میں 10سال تک نیب کی پیشیاں بھگتتا رہا ہوں۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہم جیلوں سے ڈرنے والے نہیں، اٹک کا قلعہ بھی دیکھا ہے۔ نیازی صاحب کومشورہ دیتا ہوں نیازی صاحب کام کی طرف دھیان دیں۔ کیونکہ عوام گیدڑبھبھکیاں نہیں سنتے، عوام حکومت کے کام دیکھتے ہیں۔

پیسے لیکر پلاٹ نہ دینے والی نجی ہائوسنگ سکیموںکی شامت آگئی، عدالت سے متاثرین کیلئے شاندار خبر آگئی

لاہور ( نیوز ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے نجی ہائوسنگ سکیموں کی جانب سے پیسوں کی وصولی کے باوجود پلاٹوں کی عدم فراہمی کے معاملے پر ڈی جی ایل ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ نجی ہائوسنگ سکیموں نے پیسے وصول کر کے شہریوں کو پلاٹس نہیں دئیے،عام شہری اپنی جمع پونجی سے محروم کرکے بند گلی میں دھکیل دئیے گئے۔سرکاری اداروں نے شہریوں کو نجی ہائوسنگ سکیموں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔عدالت نے ڈی جی ایل ڈی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 24اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

پنجاب کابجٹ, پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو شاندار خوشخبری سنا دی

لاہور ( نیوز ڈیسک)وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 2018-19کے آئندہ آٹھ ماہ کا بجٹ کابینہ سے منظوری کے بعد پنجاب آج (منگل ) اسمبلی میں پیش کیا جائیگا ،تحریک انصاف کے بجٹ کا مرکز سوشل سیکٹر ہو گا اور نئے منصوبوں کا انتخاب بھی اسی معیار پر کیا جائے گا ۔انہوںنے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ مالی سال 2018-19کا آئندہ آٹھ ماہ کا بجٹ اصلاحی طرز کا ہو گا ،بجٹ کا بیشتر رجحان گزشتہ حکومت کے جاری منصوبوں کی مالیاتی منصوبہ بندی و انتظامی امور کی بے ضابطگیوں کاخاتمہ ہو گا،صوبائی بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بجٹ کا مرکز سوشل سیکٹر ہو گا اور نئے منصوبوں کا انتخاب بھی اسی معیار پر کیا جائے گا ،ان پٹ کی بجائے آئوٹ پٹ کو فوکس کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ صحت ،تعلیم، صنعت ، زراعت ،روز گار اور ماحول بجٹ کے ترجیحی شعبہ جات ہوں گے۔ٹیکس سسٹم میں اصلاحات اور کفایت شعاری کے نئے رجحانات بھی بجٹ کے مشتملات کا حصہ ہوں گے ۔

صوبائی وزیرفیاض چوہان نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے بڑا دعویٰ کر دیا

لاہور (نیوز ڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی 11 سیٹوں میں سے 6پر تحریک انصاف اور اتحادیوں کی کامیابی عوام کے عمران خان پر اعتماد کی غماض ہے ،(ن) لیگ کے دھاندلی کے ماسٹر مائنڈ بھی ضمنی انتخابات کو شفاف قرار دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار سیاسی اور انتظامی مداخلت سے پاک ضمنی انتخابات کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے سیاسی اور انتظامی مداخلت سے پاک ضمنی انتخابات کرواکراپنے آپ کو روایت شکن ثابت کردیا ہے ۔پنجاب میں 40روزہ انتخابی مہم میں انتظامیہ، پولیس، بیت المال ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے کسی ادارے کو استعمال نہیں کیا گیا ، قومی اسمبلی کی 11 سیٹوں میں سے 6 پر تحریک انصاف اور اتحادیوں کی کامیابی عوام کے عمران خان پر اعتماد کی غماض ہے اور (ن)ن لیگ کے دھاندلی کے ماسٹر مائنڈ بھی ضمنی انتخابات کو شفاف قرار دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔