ایشیاء کپ میں ذمہ دار کھلاڑیوں کے خلاف بڑا قدم اٹھا لیا گیا

لاہور ( نیوز ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے ایشیاء کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارردگی کیخلاف پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ ایشیاء کپ میںپاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔روائتی حریف بھارت سے مسلسل دوسری شکست سے پوری قوم کو دلی صدمہ ہوا ہے۔پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہورہی ہے۔کرکٹ ٹیم پرپاکستان سالانہ کرڑوں روپے خرچ کرتا ہے ۔لیکن اس کے باوجود قومی ٹیم کوئی خاطر خواہ کامیابیاں حاصل نہیں کرتی۔چھوٹی اور ناتجربہ کار ٹیموں سے آسانی سے میچ جیت لیے جاتے ہیں لیکن بڑی ٹیموں سے مقابلہ کرنے کی اہلیت نہیں ہے۔جو کہ ایک افسوسناک بات ہے ۔لہذا یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس عبرت ناک شکست کا نوٹس لیا جائے۔بھارت سے مسلسل دوسری شکست پر پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جو اس معاملے کی ایک ماہ کے دوران انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے۔انکوائری میں جو لوگ ذمہ دارقراردیے جائیں ان کیخلاف فوری ایکشن لیا جائے۔

ایشیا کرکٹ کپ، تمام کپتان جیت کیلئے پرعزم

دبئی(سپورٹس ڈیسک )ایشیا کرکٹ کپ میں شریک 6 ٹیموں کے کپتانوں نے دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ایشیا کپ کے تمام ہی میچز اہم ہیں لیکن پاکستان کیخلاف میچ کا انتظار ہے اور اس کیلئے پرجوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ بڑا ایونٹ ہے ،اچھا پرفارم کریں گے۔ اچھا ہوتا طویل دورہ انگلینڈ کے بعد گھر جاتے اور تھوڑے آرام کے بعد آتے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائٹل جیتنے آئے ہیں۔ ہر میچ اہم سمجھ کر کھیلیں گے۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم اور تیاری بہت اچھی ہے۔ورلڈ کپ کیلئے سفر جاری ہے۔ فی الحال فوکس ایشیاکپ پر ہے۔وننگ پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم کمبی نیشن شاندار ہے۔ چیمپئینز ٹرافی کے وقت ٹیم ینگ تھی لیکن اب تجربات سے گزرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسن علی، شاداب خان، فخر زمان کی پرفارمنس میں دن بدن بہتری آئی ہے۔وننگ پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے کہا کہ ماضی کی بات بھول چکے۔ اب فوکس اچھا کھیلنے پر ہے، کوئی بھی ٹیم کسی سے کم نہیں۔کانٹے دار مقابلے دیکھنے کوملیں گے۔ بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ابھی وقت ہے۔ساری توجہ ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی پر مرکوز ہے۔ہانگ کانگ اور افغانستان کے کپتانوں نے کہا کہ ایونٹ میں اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔

ایشیا کپ میں کسی ٹیم کوکمزورسمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتے, شعیب ملک

لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی کر کٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں کسی ٹیم کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتے، ٹیم کو اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا،بھارت کے خلاف میچ میں اضافی دباؤ نہیں لینا چاہیے، روایتی حریفوں میں ایک بڑا میچ ضرور ہوتا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں آل رانڈر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ میں اضافی دباؤ نہیں لینا چاہیے۔ روایتی حریفوں میں ایک بڑا میچ ضرور ہوتا ہے، پوری دنیا کے شائقین بڑی دلچسپی سے میچ دیکھتے ہیں لیکن میرا ساتھی کھلاڑیوں کو بھی مشورہ ہے کہ اس کو ایک عام مقابلے کی طرح لیتے ہوئے اپنے نیچرل کھیل کا مظاہرہ کریں، بہتر کھیلیں گے تو کامیابی حاصل ہوگی۔محمد حفیظ کے حالیہ واقعہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ سلیکشن پر بات کرنا میرا کام نہیں، کبھی سلیکٹر بنا تو بات کروں گا، اس معاملے میں مزید بات نہیں کرسکتا لیکن میں نے کبھی ان کے منہ سے تحفظات نہیں سنے، میرا خیال ہے کہ نیت صاف ہونی چاہیے، کوئی آپ کو عزت نہیں دے سکتا، عزت اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے۔شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کے مسائل ہوتے ہیں، کیریئر میں اتار چڑھا بھی آتا ہے لیکن میز پر بیٹھ کر بات کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں جگہ نہ بن پائے تو ہر کھلاڑی کیلیے ایک پلیٹ فارم ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی دکھاکر ٹیم میں واپسی کا راستہ بنائے۔شعیب ملک نے کہا کہ ایشیا کپ میں کسی ٹیم کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتے، ٹیم کو اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا، ہر کھلاڑی کا ٹیم میں ایک رول ہوتا ہے، اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کرنے کی کوشش کروں گا جب کہ امید ہے کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔