ویرات کوہلی کی عدم موجودگی کا فائدہ پاکستان کو ہوگا ، ایشیاء کپ

لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی نے ایشیا کپ میں عمدہ کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایونٹ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی کی عدم موجودگی کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔قذافی اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے جاری قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاسٹ بالر نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ ایشیا کپ کی دفاعی چمپئن بھارت کے خلاف میچ میں تمام کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اپنی کامیابی کو منانے کا مخصوص اسٹائل دس بار دہراؤں ۔تاہم میچ میں ہی پتہ چلے گا کہ کیا ہوتا ہے۔ حسن علی نے کہا کہ ایونٹ میں میرا ہدف صرف بھارتی بلے باز نہیں بلکہ ایشیا کپ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے بلے باز ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے ویرات کوہلی کی وکٹ حاصل کرنے کی خواہش ضرور ظاہر کی تھی لیکن ایشیا کپ میں یہ موقع نہیں مل سکے گا، البتہ مستقبل میں امید ہے کہ جب ان سے سامنا ہوگا تو ضرور ان کی وکٹ حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔حسن علی نے واضح کیا کہ ایشیا کپ میں کسی کو بھی آسان حریف سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے کیونکہ بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز سے آگاہ ہیں، تاہم ہوم گرانڈ ہونے کی وجہ سے دیگر ٹیموں کی نسبت ہم وہاں کی کنڈیشنز سے بہتر طور پر آگاہ ہیں اور ان کا استعمال کرتے ہوئے فتوحات سمیٹیں گے چیمپئنز ٹرافی کے بہترین بالر کا اعزاز اپنے نام کرنے والے نوجوان کرکٹر نے کہا کہ میں نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے حوالے سے کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں واضح رہے کہ ایشیا کپ رواں ماہ پندرہ ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ٹاکرا انیس ستمبر کو ہوگا، دونوں ٹیمیں گذشتہ سال چیمپینز ٹرافی کے فائنل کے بعد پہلی بار آمنے سامنے ہونگی۔ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی۔

ایشیا کپ سے پہلے ہی سری لنکن ٹیم فٹنس مسائل سے دوچار

کولمبو(سپورٹس ڈیسک) ایشیا کپ کے آغاز سے قبل ہی سری لنکن ٹیم فٹنس مسائل سے دوچار ہو گئی ہے اور تجربہ کار دنیش چندیمل کی فٹنس کے سبب ایونٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی۔میڈیارپورٹ کے مطابق ایشیا کپ 15 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو گا جس میں سری لنکا کے علاوہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان اور ایک کوالیفائر ٹیم شرکت کرے گی۔سری لنکن ٹیم ابتدائی روز افغانستان کیخلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی لیکن ایونٹ سے قبل ہی سری لنکا کو انجری مسائل نے گھیر لیا ہے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چندیمل ڈومیسٹک ٹی20 ٹورنامنٹ کے دوران ہاتھ کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور تاحال سو فیصد فٹ نہیں ہوئے اس لیے ان کی ایشیا کپ میں شرکت کے بارے تاحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔دنیش چندیمل کے فٹ نہ ہونے کی صورت میں نروشن ڈکویلا کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب دھننجیا کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے اس لیے وہ کم از کم ابتدائی دو میچز میں سری لنکن ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

پاکستان ایشیا کپ جیت جائے گا، ثقلین مشتاق

لندن (سپورٹس ڈیسک )پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا کپ جیت جائے گا، عمران خان ملک کے ساتھ ساتھ کرکٹ میں بھی بہتری لائیں گے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر اور مایہ ناز باولر ثقلین مشتاق نے ایشیاء کپ کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس میں پہلے سے بہتری آئی ہے، بیٹنگ لائن، بالنگ اور فیلڈنگ میں خوب پریکٹس کروائی گئی ہے، سرفراز احمد اچھے کپتان ہیں۔ سپنرز کا ٹیم میں اہم رول ہے، شاداب جادوئی صلاحیت کے حامل اور میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ فہیم اشرف اچھے آل راونڈر ہیں۔ حسن اور محمد عامر بھی بھرپور پرفارمنس دکھانے والے کھلاڑی ہیں، امید ہے کہ پاکستانی ٹیم اچھا کھیل پیش کریگی اور ایشیا کپ جیتے گی۔عمران خان کے حوالے سے ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ ان سے بہتر کرکٹ کو کوئی نہیں سمجھتا، پاکستانی کرکٹ کو کیسے آگے لے کر جانا اور منظم کرنا ہے عمران خان پوری مہارت رکھتے ہیں، وہ ملک کے ساتھ ساتھ کرکٹ میں بھی بہتری لائیں گے۔