امریکی فیشن میگزینز میں جگہ بنانے والی 4 سالہ پاکستانی نژاد ماڈل کے چرچے

امریکا(مانیٹرنگ ڈیسک) شوبز کی دنیا میں اپنا نام پیدا کرنے کے لیے اکثر فنکاروں کو کئی سال لگ جاتے ہیں لیکن ایک 4 سالہ پاکستانی نژاد امریکی ماڈل میاح دھانانی نے فیشن میگزینز پر ایسے جلوے بکھیرے کہ سوشل میڈیا پر ہر طرف ان ہی کے چرچے ہیں۔ جس عمر میں بچیاں گڑیا اور کھلونوں سے کھیلتی ہیں، میاح نے اپنے ماڈلنگ کیریئر کا آغاز کردیا اور اب ان کے ہر ہر انداز کی تصویر نے انٹرنیٹ پر وائرل ہوکر دھوم مچا رکھی ہے۔ آج بڑے بڑے فیشن میگزینز اس ننھی ماڈل کی فوٹو شوٹ کے لیے لائن میں لگے ہوئے ہیں۔ میاح چاہے دیسی ملبوسات زیب تن کریں یا منفرد فیشن کے ملبوسات وہ ہر اسٹائل میں ہی عمدہ لگتی ہیں جس میں ان کی معصومیت چار چاند لگا دیتی ہے۔ رواں برس نیویارک میں منعقد ہونے والے فیشن ویک میں میاح نے چلڈرن برین ٹیومر فاؤنڈیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے کیٹ واک بھی کی جب کہ وہ کئی معروف میگزینز کے سرورق پر بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔ میاح کو انسٹاگرام پر بھی اب تک ہزاروں صارفین فولو کرچکے ہیں اور وہ ایک ننھی سلیبریٹی کا درجہ اختیار کرچکی ہیں۔

امریکہ چین تجارتی جنگ، امریکی صدر ٹرمپ نے خطرناک ترین اعلان کر دیا

واشنگٹن(نیوز ڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ معاشی دبائو میں آکر تجارتی معاہدے کے لیے امریکا نہیں بلکہ خود چین مجبور ہوا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکی جریدے میں چھپنے والے آرٹیکل کے مندرجات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ دبائوکے باعث چین گھٹنے ٹیکنے پر مجبور اور امریکا سے ٹریڈ کے لیے راضی ہوا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ امریکی مصنوعات اربوں ڈالر کی تجارت کررہی ہیں۔ امریکی معیشت کا سنہری دور قریب ہے جب کہ چین اپنی معاشی تاریخ کے مشکل وقت سے گزر رہا ہے اس لیے دبائو کا سامنا چین کو تو ہو سکتا ہے لیکن امریکا کو نہیں۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کی مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے جب کہ چین کی مارکیٹ تباہ ہو رہی ہے۔ امریکا کی مضبوط معیشت کے باعث چین ٹریڈ کے لیے مجبور ہوا ہے۔ امریکا کو کسی دبائو کا سامنا نہیں۔