اشتہارات

کھیلوں کی دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال ورلڈ کپ کے آغاز میں چند گھنٹے باقی

site_admin

ماسکو: روس میں منعقدہ فٹبال ورلڈ کپ 2018 کا آج سے آغاز ہونے جارہا ہے جس کی افتتاحی تقریب کے لیے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔

فٹبال ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز گروپ اے میں شامل میزبان روس اور سعودی عرب کے درمیان میچ سے ہوگا اور مقامی وقت کے مطابق دونوں ٹیمیں رات 8 بجے لزنیکی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی جب کہ پاکستان میں یہ میچ رات 9 بجے دیکھا جاسکے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ایونٹ کے پہلے میچ سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوگی جس میں فیفا کے رکن ممالک کے دستے اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے نوجوان فٹبالر سارنگ بلوچ سبز ہلالی پرچم تھامے پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

دنیا بھر سے فٹبال شائقین کی روس آمد کا سلسلہ جاری ہے جہاں کئی ہوٹلوں میں بکنگ پہلے ہی مکمل ہوچکی ہے۔

ورلڈ کپ 2018 کے لیے 32 ٹیموں کو 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ایونٹ میں مجموعی طور پر 64 میچز کھیلے جائیں گے۔

سعودی عرب اور مصر سمیت مسلم ممالک کی 7 ٹیمیں ورلڈکپ میں حصہ لے رہی ہیں جن کے کھلاڑی گراؤنڈ میں جلوے بکھیرتے دکھائی دیں گے۔

روس بمقابلہ سعودی عرب

اطلاعات ہیں کہ سعودی ٹیم کے کھلاڑی روزے کی حالت میں ہیں اور افطار کے کچھ ہی دیر بعد وہ میزبان روس کے خلاف میدان میں اتریں گے۔

روس اور سعودی عرب کے درمیان آخری مرتبہ اکتوبر 1993 میں ایک دوستانہ میچ کھیلا گیا تھا اور اس میچ میں سعودی عرب نے روس کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی تھی۔

روس کی ٹیم اب تک تین مرتبہ ورلڈ کپ میں حصہ لے چکی ہے جس میں 1994، 2002 اور 2014 کا ایونٹ شامل ہے لیکن تینوں مرتبہ ناک آؤٹ مرحلے میں اس نے اپنے گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سعودی اسکواڈ:

سعودی اسکواڈ میں گول کیپر کے لئے محمد الاویس، یاسر الموسیلم اور عبداللہ مایوف شامل ہیں جب کہ فارورڈر  میں محمد الصلاوی اور مہند اسیری ہیں۔

سعودی عرب کے پاس دفاعی پوزیشن پر کھیلنے والے کھلاڑیوں میں منصور الحربی، یاسر الشارانی، محدم البیرک، موتز ہوساوی، اسامہ ہوساوی، عمر ہوساوی اور علی ال بولیہی شامل ہیں۔

سعودی کے اسکواڈ میں مڈ فیلڈرز کے لیے عبداللہ ال خبیری، عبدالملک الخیبری، عبداللہ اوطیف، تیسیر الجیسم، حسین المغوی، سلمان الفجر، سالم الدوسیری، یحیٰ الشہری اور فہد المووالد شامل ہیں۔

روسی ٹیم کا اسکواڈ:

روس کے اسکواڈ میں گول کیپر کے لیے ایگور ایکنفیو، ولادی میر گبولو اور اینڈری لنیو شامل ہیں جب کہ فارورڈر میں آرٹیوم زیوبا، الیگزیا مرچنک اور فیودور سمولو شامل ہیں۔

دفاعی پوزیشن پر کھیلنے والے کھلاڑیوں میں روس کے پاس ماریو فرننڈو، ولادی میر گرینیٹ، سرگئی ناسوک، فیوڈور کڈریاشو، الیا کتپو، اینڈری، ایگو اسمالنیکو شامل ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں

اشتہارات