اشتہارات

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی میں ایک دن باقی، تیاریاں مکمل

site_admin

لندن: برطانوی شہزادے ہیری اور میگھن مارکل کی شادی میں صرف ایک روز باقی رہ گیا ہے اور شاہی شادی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق میگھن مارکل کے عروسی جوڑے پر 3 سے 4 لاکھ پاﺅنڈز جبکہ تقریبات اور سیکیورٹی پر 3 کروڑ 20 لاکھ پاﺅنڈز اخراجات آئیں گے۔

19 مئی کو ہونے والی شادی میں شرکت کے لیے ونڈسر کیسل سے 4 ہزار مہمان مدعو کیے گئے ہیں جبکہ شادی دیکھنے کے لیے ایک لاکھ افراد جمع ہوں گے۔

شادی کی تقریبات کا آغاز رات 12 بجے ونڈسر سینٹ جارج چیپل میں ہوگا جس کے بعدایک بجے شاہی جوڑا بگھی میں 2 میل کا سفر کرے گا، تاکہ عوام ان کا دیدار کرسکیں۔

اس شاہی مارچ میں مسلح افواج کے 250 سے زائد اہلکار بھی شریک ہوں گے۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز ریہرسل کا بھی انعقاد کیا گیا۔

میگھن کے والد شادی میں شریک نہیں ہوں گے

دلہن میگھن کے والد تھامس مارکل دل کی سرجری کی وجہ سے اپنی بیٹی کی شاہی شادی میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

گذشتہ روز شاہی محل کنسنگٹن پیلس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر میگھن مارکل کا بیان جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کے والد شاہی شادی میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

شاہی شادی پر شرطیں

دوسری جانب شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے شادی کے حوالے سے عجیب و غریب شرطیں لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ان شرطوں میں سے کچھ یہ ہیں: کہیں میگھن شادی کی تقریب میں لیٹ تو نہیں ہوجائیں گی؟ شہزادہ ہیری شیو کریں گے یا نہیں؟کیا ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم سبز ٹوپی پہنیں گی؟ مرکزی ڈش کے طور پر کیا پیش کیا جائے گا؟ اور کیا شادی میں بارش ہوگی؟

ویڈنگ کیک

جوڑے نے لندن میں ایک امریکی پیسٹری شیف کلیئر تاک کو لیمن ایلڈر فلاور ویڈنگ کیک کا آرڈر دیا ہے، جسے بٹر کریم اور پھولوں سے سجایا جائے گا۔

میگھن مارکلے شہزادی نہیں کہلائیں گی

واضح رہے کہ امریکی اداکارہ میگھن مارکل برطانوی شہزادہ ہیری سے شادی کے باجود ‘شہزادی میگھن’ نہیں کہلائیں گی اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی رگوں میں ‘شاہی خون’ موجود نہیں یعنی ان کا تعلق کسی شاہی خاندان سے نہیں ہے۔

شہزادہ ہیری سے شادی کے باوجود سرکاری طور پر میگھن مارکل ‘پرنسز ہیری آف ویلز’ کہلائیں گی جیسا کہ ہیری کے بڑے بھائی ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کو ‘پرنسز ولیم آف ویلز’ کہا جاتا ہے۔

اسی طرح شہزادہ ہیری کی والدہ لیڈی ڈیانا کو بھی کبھی سرکاری طور پر شہزادی ڈیانا کا اعزاز نہیں مل سکا، انہیں ‘پرنسز آف ویلز’ کہا جاتا تھا۔

شہزادہ ہیری، آنجہانی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے ہیں، ان کے بڑے بھائی پرنس ولیم کی شادی کیٹ مڈلٹن سے ہوئی اور ان کے 3 بچے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں

اشتہارات